کہا تھا ناں!!!!!
مری خاموشیوں کو تم
کوئی معنی نہیں دینا
جدائی کی سبھی باتیں
مری آنکھوں میں پڑھ لینا
مری اس مسکراہٹ میں
اگر محسوس کر پاؤ تو
میرے آنسوؤں کی تم
نمی محسوس کر لینا
کہیں جو رہ گئی ہے
وہ کمی محسوس کر لینا
مری سوچیں،
مرے الفاظ کا جب روپ لیتی ہیں
تمہارا عکس بنتا ہے
مری نیندوں میں
جب جب رتجگوں کے دیپ جلتے ہیں
تمہارا ذکر چلتا ہے
تمہاری یاد ماضی کے
دریچے کھول دیتی ہے
تمہاری شبنمی آہٹ
یہ مجھ سے بول دیتی ہے
کہا تھا ناں!!!
ہمارے درمیاں یہ فاصلے
قسمت میں لکھے ہیں
اور اس قسمت کے لکھے کو
بدل میں بھی نہیں سکتا ،
بدل تم بھی نہیں سکتی
مگر مشکل یہی ہے
ہجر کے پُرپیچ رستوں پر
سنبھل میں بھی نہیں سکتا،
سنبھل تم بھی نہیں سکتی
تو بہتر ہے
کہ ہم اک دوسرے کی
یاد کے ہمراہ ہو جائیں
کہ اب کہ اس محبت سے
نکل میں بھی نہیں سکتا
نکل تم بھی نہیں سکتی
سنو جانم!!!!
تمہاری شبنمی آہٹ
مرے اندر دھڑکتی ہے
مگر جب خامشی سے
تم کوئی معنی نہیں لیتی
تو یہ دل روٹھ جاتا ہے
مرے اندر کہیں پر
کچھ اچانک ٹوٹ جاتا ہے_____!!!!!

1 Comment
Recommended Comments
Join the conversation
You are posting as a guest. If you have an account, sign in now to post with your account.
Note: Your post will require moderator approval before it will be visible.