رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) کی ولادتِ با سعادت
رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) مکّہ میں شِعَبِ بنی ہاشم کے اندر ٩۔ربیع الاول ، یکم عام الفیل ، یومِ سوموار ( پیر ) کو صبح کے وقت پیدا ہوئے۔
( مکّہ پر اَبْرَہہ کے حملے کے واقعے کو عام الفیل کہا جاتا ہے۔ اور یہ واقعہ ، بیشتر اہلِ سِیرَ کے بقول ۔۔۔ نبی(صلی اللہ علیہ وسلم) کی پیدائش سے صرف پچاس یا پچپن دن پہلے ماہِ محرم میں پیش آیا تھا۔لہذا یہ عیسوی سنہ ٥٧١ء کے فبروری کے اواخر یا مارچ کے اوائل کا واقعہ ہے )۔
اس وقت نوشیرواں کی تخت نشینی کا چالیسواں سال تھا اور ٢٠۔ یا ٢٢۔ اپریل ٥٧١ء کی تاریخ تھی۔
علامہ قاضی محمد سلیمان صاحب منصور پوری رحمہ اللہ اور محمود پاشا فلکی کی تحقیق یہی ہے۔
( تاریخ خضری ١ / ٦٢)۔
آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) کے چچا ابولہب کو جب اُس کی لونڈی ثوبیہ نے آپ کی ولادت کی خبر دی تو وہ اتنا خوش ہوا کہ اس خوش خبری سنانے والی لونڈی کو اسی خوشی میں آزاد کر دیا۔ ( فتح الباری ٩ / ١٤٠)۔
آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) کے دادا عبدالمطلب نے جب یہ خبر سنی تو سنتے ہی گھر میں آئے اور آپ کو اٹھا کر خانہ کعبہ لے گئے۔ اور دعا مانگ کر واپس لائے۔ ( سیرۃ ابن ہشام ١ / ١٦٨)۔
اور پھر ساتویں دن قربانی کی اور تمام قریش کو دعوت دی۔ دعوت سے فارغ ہو کر لوگوں نے پوچھا کہ :
بچے کا نام کیا رکھا ہے ؟
"محمد" عبدالمطلب نے جواب دیا۔
لوگوں نے تعجب سے پوچھا : آپ نے اپنے خاندان کے سب مروجہ ناموں کو چھوڑ کر یہ نام کیوں رکھا ؟
عبدالمطلب نے کہا : میں چاہتا ہوں کہ میرا بچہ دنیا بھر کی ستائش اور تعریف کا شایان قرار پائے ۔
( البدایۃ و النہایۃ ٢ / ٢٤٧)۔
آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) کی ماں سیدہ آمنہ نے آپ کا نام احمد رکھا۔
پس محمد اور احمد دونوں ، نبی کریم (صلی اللہ علیہ وسلم) کے ذاتی نام ہیں۔
ایک بدوی عورت حلیمہ سعدیہ (رضی اللہ عنہا) نے جب نبی (صلی اللہ علیہ وسلم) کو گود لینے میں اس لیے تامل کیا کہ آپ یتیم بچے ہیں تو حضرت آمنہ نے فرمایا تھا
اے دایہ ! اس بچے سے مطمئن رہو ، اس کی بڑی شان ہونے والی ہے ۔
( طبقات ابن سعد ١ / ١١١)۔

0 Comments
Recommended Comments
There are no comments to display.
Create an account or sign in to comment
You need to be a member in order to leave a comment
Create an account
Sign up for a new account in our community. It's easy!
Register a new accountSign in
Already have an account? Sign in here.
Sign In Now